13 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:29
سندھ میں ہڑتال،بدین میں خواتین کی ڈنڈابردار ریلی، پتلے جلائے
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ میں کمشنری نظام کی بحالی کے لئے صوبے بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے۔ مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ اور پتھراوٴ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ، مختلف علاقوں میں گاڑیوں کے علاوہ بابر اعوان کے پتلے جلائے گئے۔ حکومت نے صوبہ میں 2001 سے جاری بلدیاتی نظام ختم کر کے کمشنری نظام دوبارہ رائج کر دیا تھا ،لیکن متحدہ قومی مومنٹ کے احتجاج کے بعدصوبے میں بلدیاتی نظام بحال کر دیا۔ صوبے کی قوم پرست جماعتوں نے کمشنری نظام کے خاتمے کے خلاف سخت احتجاج کیا اور اس نظام کی بحالی کے لئے آج احتجاج کی کال دی تھی۔ حیدرآباد میں قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر ہڑتال کی جارہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ سندھیانی اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے کمشنری نظام کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔بدین میں سندھیانی تحریک کی خواتین نے ڈنڈا بردار ریلی نکالی اورسینیٹر بابر اعوان کا پتلا جلایا۔ ٹھٹھہ شہر میں بھی ہڑتال ہے۔ سندھیانی تحریک کے کارکنوں نے بابر اعوان کا علامتی جنازہ نکالا اور ٹائر جلا کر قومی شاہراہ بلاک کردی۔ پریس کلب کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ میرپورخاص، مٹھی اور عمرکوٹ میں بھی قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر مکمل ہڑتال ہے اورتمام کاروباری مراکز بندہیں۔ سکھرمیں کمشنری نظام کی بحالی کیلئے ڈسٹرکٹ بار سے مینارہ روڈ تک وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی۔ شہر میں کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں۔ شکار پور پھاٹک ،ملٹری روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نیاحتجاجاً ٹائر جلائے۔نوشہروفیروز میں قوم پرستوں کی جانب سے موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی۔ گھوٹکی، اوباڑو ، ڈہرکی ، میرپور ماتھیلو ، خانپورمہر میں مکمل ہڑتال ہے۔اوباڑو ، ڈہرکی اور گھوٹکی میں قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور کمشنری نظام کے خاتمہ پر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ خیرپورمیں بھی کمشنری نظام کی بحالی کے لئے قوم پرستوں نے احتجاج کیا اور کاروباری مراکز بند رہے۔ خیر پور میں پرانی قومی شاہراہ پر جسقم نے دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا۔ لاڑکانہ میں بھی تمام اہم کاروباری اور تجارتی مراکز بند ہیں ، سڑکوں سے ٹریفک غائب رہا۔ وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ لاڑکانہ اور قمبرشہداد کوٹ کے مختلف شہروں میں قوم پرست جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ جامشورو کے قریب انڈس ہائی وے پر اور جیکب آباد میں قومی شاہراہ پر نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر پتھراوٴ کرکے ان کے شیشے توڑ دئے۔ جامشورو ٹول پلازہ کے قریب سپر ہائی وے بھی نامعلوم افرادنے گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا۔ آج صبح ٹنڈوالہ یار میں نامعلوم افراد نے سبزی منڈی میں گھس کر لوٹ مار کی اور 7 ٹھیلوں کو آگ لگادی۔جبکہ مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے دوران ایک شخص زخمی ہوگیا۔دادو، جیکب آباد، کشمور، کندھ کوٹ، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہڑتال کی جارہی ہے اور ٹریفک سڑکوں سے غائب ہے۔