تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:39

مراکش اور برازیل میں لیبیا کے سفارتخانوں پر باغیوں کا پرچم لہرا دیا گیا

جنگ نیوز -
رباط، برازیلیا …جنگ نیوز… لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں باغیوں کے داخلے کے بعد مراکش اور برازیل میں لیبیا کے سفارتخانوں پر لیبیا کا قومی پرچم اتار کر باغیوں کا پرچم لہرا دیا گیا۔ قبل ازیں مراکش کے وزیر خارجہ تائب فصی فہری نے قومی ٹی وی چینل پر ایک بیان میں لیبیا کے باغیوں کی قومی عبوری کونسل کو لیبیا کا حقیقی نمائندہ تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنا ایک نمائندہ لیبیا کے باغیوں کے گڑھ بن غازی بھیجنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ یہ نمائندہ مراکش کے بادشاہ کا خصوصی پیغام قومی عبوری کونسل کی قیادت کو پہنچائے گا۔ ادھر برازیل کے دارالحکومت برازیلیا میں لیبیا کے سفارتخانے پر بھی باغیوں کا پرچم لہرا دیا گیا۔ برازیل میں لیبیا کے سفیر بدستور معمر قذافی کے وفا دار ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کس نے سفارتخانے کی عمارت سے قومی پرچم اتارا۔ رپورٹ کے مطابق دو روز قبل برازیلیا میں لیبیا کے سفارتخانے کے قریب معمر قذافی کے حامیوں اور مخالفین میں ہاتھا پائی کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔ واضح رہے کہ اتوار کو باغیوں کے طرابلس میں داخلے کی خبروں کے ساتھ میں یورپی ممالک میں مقیم لیبیائی باشندوں کی بڑی تعداد اپنے ملک کے سفارت خانوں میں جمع ہوئی اور کئی سفارتخانوں پر باغیوں کے پرچم لہرائے گئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.