24 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:9
قذافی کو گرفتار کر کے لیبیا میں ہی مقدمہ چلایا جائے گا، مخالفین
جنگ نیوز -
طرابلس…قذافی مخالفین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قذافی کو گرفتار کرکے لیبیا میں ہی مقدمہ چلائیں گے ، جب کہ مخالفین کی عبوری کونسل کو تیس ممالک نے تسلیم کرلیا ہے ۔ دوسری طرف نکاراگو ا نے قذافی کو پناہ دینے کی پیشکش کردی ہے۔ قذافی مخالفین کی نیشنل کونسل کے ترجمان عبدالحفیظ گوگھا نے مصر کے سرکاری ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ قذافی کو گرفتار کرکے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں بھیجنے کے بجائے لیبیا میں ہی مقدمہ چلائیں گے ،دوسری طرف مخالفین کی عبوری کونسل کو امریکا، یورپی یونین سمیت تیس ممالک نے تسلیم کرلی ہے جب کہ نکاراگوا کے صدر اورٹیکا کے مشیر کا کہنا ہے کہ اگر قذافی چاہیں تو وہ ان کے ملک میں پناہ حاصل کرسکتے ہیں ،ادھر قذافی کی فوج نے مصراتہ کے علاقے میں مخالفین پر اسکڈ میزائل داغے ہیں ،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طرابلس میں بھی میزائل فائرکیے گئے جبکہ قذافی نے لیبیا کے ایک ریڈیو اسٹیشن سے خطاب میں کہا ہے کہ جارحیت کے خلاف فتح یا موت تک لڑائی جاری ہے۔ قذافی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیبیا آتش فشاں بن چکا ہے جہاں برسوں مزاحمت جاری رہ سکتی ہے۔