24 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:23
پی اے سی کی خصوصی اور ذیلی کمیٹیاں توڑ دی گئیں
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کے چیئرمین چودھری نثار نے آڈیٹرجنرل کے عہدے پر اختربلندرانا کے تقرر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور پی اے سی کی تمام خصوصی اور ذیلی کمیٹیوں کو تحلیل بھی کردیا ہے چودھری نثار علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی اے سی غیرفعال کرنے کے حکومتی عزائم کو آڈیٹر جنرل کے تقرر نے واضح کردیاہے ، آڈیٹر جنرل کا عہدہ ایک آئینی پوسٹ ہے اور حکومت نے اپنے چہیتے اور انتہائی متنازعہ شخص کو اس پر مقرر کردیا ہے ، چودھری نثار نے کہا ہے کہ آڈیٹرجنرل کے حالیہ تقرر سے وزیراعظم کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہوگئی ہے ، ایسے آڈیٹر جنرل کے بارے میں خود حکومت کے ادارے اور وزارتیں ، سنگین قسم کے معاملات کی نشاندہی کرچکے ہیں۔چودھری نثار کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے اکاوٴنٹس پہلی بار پی اے سی کے سامنے آرہے ہیں اور آڈیٹر جنرل کا تقرر ، شفاف تجزیئے کو غیر موثر کرنے کی واضح کوشش ہے، چیئرمین پی سے سی نے کمیٹی کی آئیندہ باقاعدہ میٹنگ تک تمام ذیلی و خصوصی کمیٹیز کی تشکیل نہ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔