24 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:18
فیصل آباد:دو روز قبل اغوا ہونیوالے بچے کی بوری بند لاش برآمد
جنگ نیوز -
فیصل آباد …فیصل آباد میں تاجر رہنما کے 8 سالہ پوتے کو اغوا کے بعد تشدد کرکے قتل کر دیا گیا،بچے کی بوری بند لاش دو دن بعد گھر کے قریب سے مل گئی۔پولیس کے مطابق تھانہ گلبرگ کے علاقہ محمد پورہ سے تاجر رہنما رانا محمود کا پوتا 8 سالہ علی حیدر 22 اگست کی شام گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا۔ دوسرے روز بچے کے لواحقین کو نامعلوم فون کال کے ذریعے بچے کے اغوا کے بارے میں معلوم ہوا جبکہ آج گھر سے ملحقہ گلی سے بچے کی بوری بند لاش مل گئی۔ پولیس نے لاش ملنے کے مقام کے قریب گھروں کا جائزہ لیا تو چند قدم کے فاصلے پر ایک مکان سے بچے کو قتل کئے جانے کے شواہد مل گئے۔ پولیس نے گھر میں موجود ایک معمر خاتون زہرہ بی بی زوجہ محمد نواز کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے زہرہ بی بی کے بیٹے عمران کا شناختی کارڈ بھی ملا ہے تاہم وہ خود لاپتہ ہے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بچے کو تاوان کی خاطر اغوا کیا گیا تاہم ملزموں نے پکڑے جانے کے خوف سے اسے قتل کر دیا۔ بچے کے لواحقین کے مطابق بچے کو تشدد کر کے اس پر تیزاب ڈال کر جلا کر ہلاک کیا گیا ہے تاہم سٹی پولیس آفیسر رائے طاہر کے مطابق تیزاب سے جلائے جانے کی تصدیق پوسٹمارٹم کے بعد ہوگی۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔