تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:21

کراچی فوج کے لئے ایک دلدل ثابت ہو گی ، چوہدری نثار

جنگ نیوز -


اسلام آباد...قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار نے کہا ہے کہکراچی فوج کے لیے ایک دلدل ثابت ہو گی شہر قائد کو فوج کے سپرد کرنے کا مطالبہ کرنے والے شاید اس کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ کراچی کے حالات درست کرنے کی آڑ میں حکومتی جماعتیں سنگین ڈرامہ بازی کر رہی ہیں،کراچی کا مسئلہ انتظامی ہونے کے ساتھ سیاسی بھی ہے کیوں کہ ہر عسکریت پسند گروپ کے پیچھے کسی نہ کسی حکومتی پارٹی کا ہاتھ ہے۔ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ فوج اگر ایک دفعہ کراچی کی تنگ و تاریک گلیوں میں گھس گئی تو نہ وہاں ٹھہر سکے گی اور نہ وہاں سے نکل سکے گی جس کے اثرات تباہ کن ہوں گے۔ چودھری نثار نے کہا کہ اگر آئین کے مطابق فوج کو کراچی میں کوئی کردار دینا ہے تو اس سے پہلے پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز نہیں بلکہ حکومت ناکام ہوئی ہے کیوں کہ وہ ان اداروں کو کوئی اختیارات دینا ہی نہیں چاہتی۔چودھری نثار کا کہنا ہے کہ آصف زرداری جب کسی سیاسی مشکل میں پھنستے ہیں تو سندھی ٹوپی اور اجرک اوڑھ کر سندھ کے عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جب سندھ سیلاب میں ڈوبا ہو یا کراچی جل رہا ہو تو زرداری صاحب نیرو کی طرح یا فرانس میں ہوتے ہیں یا اسلام آباد۔ چودھری نثار نے کہا کہ جو حکمران ایوان صدر میں بیٹھ کر کراچی کی ابتر صورتحال کا حل تلاش کر رہے ہیں ان کی عقل اور سنجیدگی پر رونا آتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ رینجرز اور پولیس کو رحمان ملک کے سائے اور اثرسے نکال کر مکمل اختیارات دیئے جائیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.