24 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:19
کراچی میں بد امنی پر سپریم کورٹ کا نوٹس، حکومت سے جواب طلب
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے کراچی میں گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے جاری بدامنی اور حالیہ قتل عام کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کر لیا ۔ ازخود نوٹس کیس کی سماعت 26اگست سے چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی خصوصی لارجر بینچ کریگا۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں انتظامیہ شہریوں کے جان و مال اور آزادی کے تحفظ میں ناکام ہوگئی ہے، سپریم کورٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کراچی کی صورتحال پر میڈیا رپورٹس پر مبنی نوٹ رجسٹرار آفس کی طرف سے چیف جسٹس پاکستان کو بھجوایا گیا جس پر چیف جسٹس نے احکامات جاری کئے۔ازخود نوٹس حکم میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کا جائزہ لینے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش اور مایوس کن ہے ، کراچی میں قتل عام، اغوا برائے تاوان،پرتشدد واقعات اور بھتہ خوری عام ہے جو کہ آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق کی صریحا ًخلاف ورزی ہے ،سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں وفاقی حکومت کی طرف سے خفیہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر کراچی میں بدامنی کی صورتحال کے حوالے سے جامع جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے ،۔ عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ ،اور سندہ پولیس کے سربراہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کراچی میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران قتل اور زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات ، ایف آئی آرز اور روزانہ صورتحال کی رپورٹس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کریں۔عدالت کی معاونت کیلئے سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر انورمنصور خان، اور سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کی صدر عاصمہ جہانگیر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔