24 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:19
ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان
جنگ نیوز -
کراچی… محکمہ موسمیات نے ملک کے بیش تر علاقوں میں اگلے چند دنوں کے دوران مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جو عید تک وقفے وقفے سے جاری رہیں گی۔ان بارشوں سے دریائے ستلج اور چناب میں پانی کی سطح بڑھ جانے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات نے راول پنڈی ،اسلام آباد سمیت لاہور، بہاول پور ، ساہیوال ڈویڑن میں اگلے دوسے تین دنوں کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔جب کہ جمعرات اور جمعے کے روز سندھ، پنجاب ، ہزارہ، نصیر آباد، ژوب ،،سبی ڈویژن اور کشمیر میں تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔جب کہ حیدر آباد اور میر پور خاص ڈویژن میں مزید بارشوں سے سیلاب سے متاثرہ علاقے مزید متاثر ہوسکتے ہیں۔اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب ، بالائی خیبر پختوانخوا اور کشمیر اور میر پور خاص میں چند مقامات میں بارش کا امکان ہے۔