24 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:21
معمر قذافی کا دور ختم ہو گیا ،وزیر خارجہ لیبیا
جنگ نیوز -
طرابلس…لیبیا کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ معمر قذافی کا دور ختم ہو گیا ہے اور عملاً ان کا کوئی کنٹرول نہیں رہا ،دوسری جانب مخالفین نے معمر قذافی کو پکڑنے کیلئے 20 لاکھ دینارانعام کا اعلان کیا ہے۔ طرابلس میں معمر قذافی کے حامیوں اور مخالفین کی جانب سے باب العزیزہ کے اطراف شدید جھڑپیں ہوئیں۔دونوں طرف سے چھوٹے ہتھیاروں کیساتھ،بھاری مشین گنوں ،راکٹ لانچرز اور گرنیڈز کے استعمال کیا گیا۔جھڑپوں سے طرابلس کا علاقہ ابو سلیم بھی متاثر ہوا جہاں قذافی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان لڑائی ہورہی ہے۔طرابلس کی سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں اور عمارتوں پر نشانہ باز پوزیشن لئے موجود ہیں۔طرابلس میں نیٹو فضائیہ کی پروازیں بھی جاری ہیں اور دن کے شروع میں دو دھماکے بھی سنے گئے تھے۔مخالفین کی جانب سے طرابلس کے 90 فیصدحصے پر قبضے کا دعوی بھی کیا جارہا ہے۔ مخالفین نے واضح کیا ہے کہ وہ قذافی کو گرفتار کرکے ہی دم لیں گے جب کہ معمر قذافی کو پکڑنے یا مارنے والے شخص کیلئے عام معافی اور 20 لاکھ دینارانعام کا اعلان بھی کیا گیاہے۔مخالفین نے یقین ظاہر کیا ہے کہ معمر قذافی طرابلس کے جنوب میں ہی چھپے ہوئے ہیں۔طرابلس کے ہوٹل میں محصور غیر ملکی صحافیوں کو رہائی مل گئی ہے۔پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکا کو یقین ہے کہ معمر قذافی طرابلس میں ہی موجود ہیں۔گزشتہ روزصدارتی محل پرقبضے کے باوجود قذافی کے مخالفین کو اب بھی ایئر پورٹ جانیوالے راستوں پر مزاحمت کا سامنا ہے۔