25 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:43
کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری،15افراد زیر حراست
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے 15 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ چارگرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے۔ پولیس کے مطابق رات گئے چینسر گوٹھ میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر اسپیشل پروٹیکشن گروپ اور بکتر بندگاڑیوں کے ہمراہ آپریشن کیاگیا،لیکن جس وقت آپریشن کیا گیا ،پولیس کو مطلوب کوئی بھی ملزم موجود نہیں تھا،جس کے بعد پولیس نے میڈیا نمائندوں کو دیکھتے ہوئے گھروں کے اندر گھس کر 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔۔علاقہ کی خواتین کے شور شرابے اور احتجاج کے بعد 4 زیر حراست افرادکو پولیس ٹرک سے اتار کر گھر بھیج دیا گیا۔۔قائد آباد کے علاقے مجید کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ جبکہ دوسری جانب گلشن معمار اور اطراف میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ نارتھ کراچی کے علاقے سرسید ٹاون میں پولیس نے بھتہ وصول کرنے والا سیاسی جماعت کا ذمہ دار اسلحہ سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ملزم کی شناخت سراج قادری کے نام سے ہوئی ہے۔