25 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:19
بھارت:انا اور منموہن اپنے اپنے موقف پر ڈٹ گئے
جنگ نیوز -
نئی دہلی…من موہن سرکار کرپشن مخالف بل کو ہنگامی طور پر پارلیمنٹ میں لانے کے خلاف اَڑ گئی۔ انا ہزارے کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ جہاں سے چلے تھے وہیں آگئے، اِمکان ہے کہ انا ہزارے کی بھوک ہڑتال کے آج دسویں روز انہیں زبردستی نئی دہلی کے رام لیلا گراوٴنڈ سے نکال لیا جائے۔ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے مشن پر چلے انا ہزارے کی بھوک ہڑتال آج دسویں دن میں داخل ہوگئی ہے اور وہ اب تک اپنا سات سے آٹھ کلو وزن گھٹا چکے ہیں لیکن اس کا من موہن سرکار پر پڑنے والا اثر بھی اب زائل ہونے لگا ہے۔ اس کی وجہ ، ٹیم انا کی ضد ہے کہ ترمیم شدہ لوک پال بل کو چار روز میں پارلیمنٹ میں پیش کرکے منظور کرایا جائے۔ انا ہزارے کے ساتھی اس بات پر بھی بضد ہیں کہ بل کا مسودہ پارلیمنٹ کی جائزہ کمیٹی کے پاس بھی لیجانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اگرچہ کانگریس سرکار ، کرپشن مخالف بل میں انا کے مطالبات شامل کرنے پر تیار ہے لیکن سارے کام چھوڑ چھاڑ ہنگامی طور پر بل تیار کرکے اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی شدید مخالفت میں ہے۔ کل ہونے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے جس کے بعد رات گئے نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں پولیس کی نفری بڑھادی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ چوہتر سالہ انا ہزارے کا احتجاج جبری طور پر ختم کرانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انا ہزارے نے بھی رات گئے حامیوں سے خطاب میں واضح کردیا ہے کہ اگر انھیں گرفتار کرلیا جائے تو فسادات کے بجائے پرْامن طور پر جیل بھرو تحریک شروع کی جائے۔