25 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:19
بھارتی اینٹی کرپشن تحریک،تبدیلی کی ہوائیں پاکستان میں بھی چلنے کو تیار
جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ…موسم بہار عرب دنیا اور موسم گرما بھارت کے لیے عدم اطمینان لے کرآیا،تبدیلی کی یہ ہوائیں پاکستان میں بھی چلنے کو تیار ہیں۔ کرپشن پاک بھار ت میں یکساں مسئلہ ہے،اگر بھارت میں تبدیلی آئی تو پاکستان بھی ایسی تبدیلی سے نہیں بچ پائے گا۔ بھارتی اخبار’دی ہندو‘ کے مطابق پاکستان بھارت کی انسداد بد عنوانی کی تحریک کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ موسم بہارپہلے عرب اور اس کے بعد موسم گرما بھارت کے لیے عدم اطمینان لے کر آیا۔ پاکستان دونوں موسموں میں ہونے والی تبدیلیوں کا اس امید سے جائزہ لے رہا ہے کہ تبدیلی کی یہ ہوائیں کافی مضبوط ہیں اور پاکستان میں یہ ہوائیں چل سکتی ہیں اور ایک ایسی تحریک جنم لے سکتی ہے۔گزشتہ ہفتے بھارت میں ہونے والے واقعات نے پاکستان پر گہرا اثر ڈالا ہے کیونکہ کرپشن دونوں ممالک میں یکساں مسئلہ ہے اگربھارت میں کسی بھی صورت میں اقتدار میں تبدیلی ہوتی ہے تو پاکستان بھی ایسی ہی صورت حال سے دوچار ہوسکتا ہے۔ پاکستان میں پہلے ہی دو افراد نے عید کے فوراً بعد ایسے احتجاج کی ٹھان لی ہے جن میں 68 سالہ راجہ جہانگیر اختر نے کرپشن اور کثیردفاعی اخراجات کے خلاف 12 ستمبر سے تامرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ دوسرے انسانی حقوق کے رہنماانصار برنی نے بھی کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف رائے عامہ کو متحرک کرنے کے لیے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔دونوں افراد نے کرپشن کے خلاف بھارت میں جذبات سے بھرپور طاقت کے مظاہرے کو پیش نظر رکھا ہے۔ بھارت کے انا ہزارے کی طرح کی شخصیت پاکستان کے کئی کالم نگار اپنے خیالات میں تلاش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک ان کو کوئی نظر نہیں آرہا۔ بھارت میں آئین اور جمہوری ادارے مضبوط ہیں جب کہ پاکستان میں ایسا نہیں ہے۔ ا گرچہ پاکستان میں تبدیلی کی ضرورت پر ذرائع ابلاغ میں متواتر بحث و مباحثے ہورہے ہیں لیکن تاحال انہیں کوئی سرا مل رہا۔ پاکستان میں ایسی کسی بھی تحریک کو مذہبی گروپوں کی طرف سے بھی ہائی جیک کیے جانے کا خدشہ ہے۔