25 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:30
افغان پارلیمنٹ نے آزاد الیکشن کمیشن کا فیصلہ مسترد کردیا
جنگ نیوز -
کابل…جنگ نیوز…افغان پارلیمنٹ نے 9 ارکان کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے فارغ کرنے سے متعلق آزاد الیکشن کمیشن کا فیصلہ مسترد کردیا۔ پارلیمنٹ میں موجود سب سے مضبوط دھڑے نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی مخالفت کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ دھڑے کے ترجمان اسد اللہ سعادتی نے کہا ہے کہ اجلاس میں متفقہ طور پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ وہ ارکان کو ہٹانے کی کسی بھی مہم یا کوشش کی حمایت نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ ایک سال قبل افغانستان کے انتخابات پر بے پناہ تنقید ہوئی تھی اور کہا گیا تھا کہ اس میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے۔ ان اعتراضات کے بعد افغان صدر حامد کرزئی نے آزاد الیکشن کمیشن تشکیل دیا جس نے دھاندلی کی تصدیق کرتے ہوئے تجویز کیا ہے کہ 9 حلقوں میں انتخابات دوبارہ کرائے جائیں اور ان حلقوں سے منتخب ارکان کو پارلیمنٹ سے باہر کیا جائے۔