تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:4

لیبیا میں نئی حکومت کو تسلیم کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، دفتر خارجہ

جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز… پاکستان نے کہا ہے کہ لیبیا میں نئی حکومت کو تسلیم کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، امریکہ کے ساتھ باہمی خدشات دور کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔ افغانستان میں نیٹو فوجیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنا افغان حکومت اور عوام کا کام ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے لیبیا کی صورتحال اور نئی حکومت کو تسلیم کرنے کے متعلق سوال پر کہا کہ اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، پاکستان صورتحال بغور جائزہ لے رہا ہے، طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ سرگرمی سے کام کر رہا ہے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے ریاستوں کی خود مختاری اور سالمیت کے احترام کے متعلق پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ ترجمان نے اسلام آباد میں لیبیا کے سفارتخانے پر باغیوں کی عبوری حکومت کا پرچم لہرائے جانے کے بارے میں بتایا کہ اس حوالے سے دفتر خارجہ کے ساتھ کوئی سرکاری رابطہ نہیں ہوا۔ چین کے شہر کاشغر میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور پڑوسی ملک ہیں اور دونوں کے درمیان گہری اور سدا بہار دوستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی پاکستان کیلئے فخر کا باعث ہے، پاکستان کے قریب چینی علاقوں کی ترقی سے پاکستان کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مقاصد کے حصول کی خاطر ایک مستحکم شراکت داری کیلئے امریکہ سے رابطے جاری ہیں، یہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ یہ تعلقات پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنل معاملات پر دفتر خارجہ اور امریکی سفارتخانے کے درمیان رابطے جاری ہیں اور دونوں ملک خدشات دور کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ترجمان نے اس رپورٹ کی تردید کی کہ دفتر خارجہ نے 200 امریکی باشندوں کو پاکستان سے نکلنے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سفارتخانوں کی نقل و حرکت دفتر خارجہ کے دائرہ کار میں ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں کی دریافت کے متعلق انہوں نے کہا کہ بھارتی انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ افغانستان میں نیٹو فورسز کے مستقبل کے بارے میں ترجمان نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ کرنا افغان حکومت اور عوام کا کام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ دورہ چند دن پر محیط ہے تاہم امریکی صدر بارک اوباما اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ براہمداغ بگٹی کی سوئٹزرلینڈ میں موجودگی کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ ماضی میں یہ معاملہ سوئس حکام کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.