26 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:16
لیبیا :حکومت مخالفین کی قومی عبوری کونسل بن غازی سے طرابلس منتقل
جنگ نیوز -
طرابلس ... حکومت مخالفین کی قومی عبوری کونسل نے امورمملکت لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے چلانے کا اعلان کردیا ہے،کرنل قذافی کی شہر میں موجودگی کے آثار ملے ہیں جب کہ امریکا نے لیبیا میں پولیس بھیجنے کا عندیہ دیا ہے،کرنل قذافی کی حکومت سے بغاوت کرنے والی قومی عبوری کونسل اپنے گڑھ بن غازی سے طرابلس منتقل ہوگئی ہے،جہاں سے انہوں نے امورمملکت چلانے کا دعویٰ کیا ہے، دوسری طرف امریکا کا کہنا ہے کہ اگر قذافی کو مکمل شکست ہوجاتی ہے تووہ اپنی پولیس حکومت مخالفین کی مدد کے لئے بھیجنے کو تیار ہے،اور اس کے ساتھ ہی قذافی کی تلاش سے دور رہنے کا بھی کہا ہے،جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ طرابلس کے جنوب میں ہیں یا پھر الجیریا کے قریب سرحدی علاقے میں ہیں،قذافی مخالفین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک اہم صحرائی پوسٹ ویگ پر بھی قبضہ کرلیا ہے،طرابلس میں بھی گھمسان کی جنگ جاری ہے،جہاں ابوسالم کے علاقے میں قذافی کے بیٹے کو دیکھے جانے کی اطلاعات ملی ہیں،حکومت مخالفین نے ابوسالم پر بھی کنٹرول کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ادھر ڈونرز ممالک نے لیبیا کے لئے ڈھائی ارب ڈالر کی امداد اگلے ہفتے تک جاری کرنے کا اعلان کیا ہے،جب کہ قومی عبوری کونسل نے عالمی برادری سے لیبیا کے منجمد اثاثوں میں سے فوری طور پر پانچ ارب ڈالر کا مطالبہ کیا ہے ،ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کہ لیبیا کی آئل ریفائنریاں آئندہ چھ سے اٹھارہ ماہ میں بھرپور کام شروع کردیں گی۔