26 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:16
بار ایسوسی ایشنز کا ٹارگٹ کلرز کا مقدمہ نہ لڑنے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
کراچی…وکیل مرتضیٰ چنائے کے قتل کے خلاف سندھ ہائی کورٹ اور مقامی عدالتوں میں وکلاء کی جانب سے عدالتوں کا بائیکاٹ کیاگیا۔بار ایسوسی ایشنز کے مشترکہ اجلاس میں ٹارگٹ کلرز کا مقدمہ نہ لڑنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی جبکہ 30 اگست تک عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا سندھ با ر کونسل کی اپیل پرمرتضیٰ چنائے ایڈوکیٹ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف وکلاء نے سندھ ہائی کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور مقدمات کی سماعت کے لئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔جیل سے لائے گئے قیدیوں کو واپس جیل بھیج دیاگیا ۔ وکلاء کی اپیل پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ہائی کورٹ کے تمام بینچ ڈسچارج کردیئے اور تمام مقدمات کی سماعت ملتوی کردی جبکہ اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت چیف جسٹس نے اپنے چیمبرز میں کی ۔ مرتضی چنائے ایڈوکیٹ کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف سندھ ہائی کورٹ بار میں بار ایسوسی ایشنز کا مشترکہ جنرل باڈی اجلاس ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی بار ایسوسی ایشن محمد عاقل نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران پانچ وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، قائم مقام صدر سندھ ہائی کورٹ بارجبار قریشی نے کہا کہ وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے ۔ بار ایسوسی ایشنز کے مشترکہ اجلاس میں ،وکلاء کی تسلسل کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آج سے 30 اگست تک کراچی کی تمام عدالتوں میں بائیکاٹ کیے جانے کا اعلان بھی کیا گیا جبکہ ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری شفاف تحقیقات اور کیفر کردار تک پہنچانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی ۔وائس چیئرمین سندھ بار کونسل افتخار جاوید قاضی نے قرارد میں اضافہ کیا کہ شہر میں گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلرز کا مقدمہ وکلاء نہیں لڑیں گے جسے منظور کرلیا گیا ۔افتخار جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلرز کا مقدمہ لڑنے سے انھیں فائدہ حاصل ہوتا ہے اور وہ پھر سے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہوجاتے ہیں شہر میں جاں بحق ہونے والے شہریوں اور وکلاء کے لواحقین کو معاوضہ دیئے جانے ۔ عام شہریوں ، صحافیوں اور وکلاء کا قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی ناکامی قرار دیئے جانے کی قرارداد بھی منظور کی گئیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ میں وکلاء کی ہڑتال کے باعث مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق کی درخواست ضمانت کی سماعت نہیں ہوسکی ۔