26 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:12
شہباز تاثیر اغوا، ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے تحقیقات شروع کردیں
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو لاہور سے اغوا کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے پولیس کے ساتھ مل کر تحقیقات شروع کر دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہباز تاثیر کی جلد بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر بغیر کسی محافظ کے آج کیولری گراوٴنڈ میں واقع اپنے گھر سے دفتر کیلئے نکلے۔وہ دفتر کے قریب ایم ایم عالم روڈ پر پہنچے تو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے انہیں روک لیا۔قریب ہی کھڑی گاڑی سے جینز اور شرٹس پہنے چار افراد نکلے اور شہباز تاثیر کو گن پوائنٹ پر ساتھ لے گئے۔شہباز تاثیر کے اغوا کی خبر ملتے ہی پولیس حکام میں کھلبلی مچ گئی،بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ سابق گورنر کے گھر کو بھی پولیس اور رینجرز نے گھیرے میں لے لیا۔پولیس نے شہباز تاثیر کی گاڑی سے ان کا لیپ ٹاپ، دو موبائل اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ شہباز تاثیر کے ساتھ ان کا ایک دوست بھی تھا جسے اغوا کار چھوڑ گئے۔ پولیس کے مطابق انہیں فردوس مارکیٹ کے قریب سے ایک ٹرپل ٹو ملی ہے جو ممکنہ طور پرشہباز کو اغوا کرنے والوں نے پھینکی۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دن دیہاڑے اغوا کی اس سنگین واردات کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے سابق گورنر سلمان تاثیر کی صاحبزادی کو ٹیلیفون بھی کیا اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر داخلہ رحمان ملک کی ہدایت پر ایف آئی اے کی خصوصی تفتیشی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کئے۔شہباز تاثیر کے اغوا کے بعد لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی گئی پولیس جگہ جگہ ناکے لگا کر گاڑیوں کی تلاشی لے رہی ہے۔