تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:23

شہباز تاثیر کی بحفاظت بازیابی کیلئیاقدامات کیے جائیں ، الطاف حسین

جنگ نیوز -


لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سابق گورنر پنجاب اور پیپلزپارٹی کے مقتول رہنما سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کے اغواء پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی کیلئے ہرممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ شہباز تاثیر کے اغواء کی واردات افسوسناک اورشرمناک فعل ہے اور اس میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے ۔ الطاف حسین نے صدر آصف علی زداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر پنجاب لطیف کھوسہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ شہباز تاثیر کے اغواء میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ، ان کی بحفاظت بازیابی کیلئے تمام حکومتی وسائل استعمال میں لائے جائیں اوراغواء میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے ۔دریں اثناء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے لاہور کے علاقے گلبرگ سے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کے اغواء پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مغوی کو جلد اور بحفاظت بازیاب کرایاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سابق گورنر پنجاب اور پیپلزپارٹی کے رہنما سلمان تاثیر کے بہیمانہ قتل کے صدمے سے ابھی ان کے اہلخانہ نکل بھی نہیں پائے تھے کہ آج سلمان تاثیر کے صاحبزادے کو اغواء کاروں نے اغواء کرکے یرغمال بنا لیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سلمان تاثیر کے صاحبزادے کے اغواء کی کارروائی پر نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ ملک کا ہر محب وطن اور پرامن شہری تشویش میں مبتلا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مغوی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور مغوی کی بحفاظت واپسی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے کے اغواء کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، اس میں ملوث اغواء کاروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے مغوی کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔






متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.