30 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:8
بڑھتی مہنگائی سے عید کی تیاریاں متاثر،گیلپ پاکستان
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے جہاں عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے وہی عید کی تیاریوں پر بھی منفی اثر ڈالاہے،گیلپ پاکستان نے عید کی تیاریوں کے حوالے سے عوامی رائے جاننے کیلئے ملک بھر میں سروے کیا اور سوال کیا کہ آپ زیادہ تر عید کی شاپنگ کب کرتے ہیں جواب میں 17 فیصد افراد نے کہا کہ وہ عید کی تیاری رمضان سے پہلے کرتے ہیں،24 فیصد نے رمضان کے ابتدائی دس دنوں اور28 فیصد نے رمضان کے اگلے دس دنوں کا کہا،26 فیصد نے رمضان کے آخری دس دنوں کا بتایا جبکہ 5 فیصد نے مختلف جوابات دیئے۔سروے میں مزید سوال کیا گیا کہ کیا مہنگائی نے آپ کی عید کی تیاریوں پر کوئی اثر ڈالا ہے؟ جواب میں 72 فیصد افراد نے کہا کہ مہنگائی نے ان کی عید کی تیاریوں پر بہت اثر ڈالا ہے،23 فیصد نے کہا تھوڑا اثر ڈالا ہے،4 فیصد نے کہ کہ مہنگائی نے ان کی عید کی تیاریوں پر بہت کم اثر ڈالا ہے جبکہ 1 فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔گیلپ پاکستان نے عوام سے مزید سوال کیا کہ وہ چاند رات کو زیادہ تر کیا کرتے ہیں؟جواب میں 46 فیصد افراد نے عید کی تیاری کرنے کا کہا،20 فیصد نے کہا کہ وہ چاند رات باہر تفریحی مقامات پر گزارتے ہیں،14 فیصد نے شاپنگ کرنے ،13 فیصد نے خصوصی عبادات جبکہ 7 فیصد نے دیگر جوابات دیئے۔عوام سے مزید پوچھا گیا کہ آپ زیادہ تر عید کہاں مناتے ہیں؟جواب میں 65 فیصد افراد نے کہا کہ جس شہر یا گاوٴں میں وہ رہتے ہیں وہی مناتے ہیں،21 فیصد نے آبائی گاوٴں جانے کا بتایا،10 فیصد نے مختلف شہروں اور گاوٴں جانے کا کہا جبکہ 4 فیصد نے دیگر جوابات دیئے۔