31 اگست 2011
وقت اشاعت: 1:35
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھاربارشیں،نشیبی علاقے زیرآب
جنگ نیوز -
حیدرآباد ... سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھاربارشوں کا سلسلہ عید کے روز بھی جاری رہے گا۔ گزشتہ روز بارش کے بعد سکھر، خیرپور، نوشہرو فیروز اور نوابشاہ میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں خیرپور شہر اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کے بعد ضلعی ایڈمنسٹریٹر نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔سکھر اور قرب و جوار میں موسلادھار بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ڈی سی او نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ایمرجنسی نافذ کر کے متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔نوشہروفیروز میں بھی موسلادھار بارشوں کے باعث ڈی سی او نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ جیکب آباد ، لاڑکانہ اور ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ نوابشاہ میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے موسلادھاربارش جاری ہے۔ ٹاوٴن میونسپل ایڈمنسٹرین کے عملے کی چھیٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ، سیم نالے بند ہونے کی وجہ سے نہروں میں طغیانی ہے۔ضلع بدین میں بھی گزشتہ شام سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ دیہی اور ساحلی علاقوں کو جانے والے کچے راستے دوبارہ بند ہوگئے۔ گونی پھلیلی آوٴٹ فال رین میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا اور انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے طور پر علاقے میں کشتیاں پہنچادی ہیں۔حیدرآباد میں موسلادھار بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔اسکے علاوہ سندھ کے دیگر علاقوں سمیت پنجاب اور بلوچستان میں بھی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔