31 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:40
ملک بھر میں عید، چھوٹے بڑے مقامات پر اجتماعات
جنگ نیوز -
کراچی…ملک بھر میں عید الفطر آج پورے مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ عیدکی نمازکے اجتماعات میں ملک کی سلامتی ،ترقی اورخوشحالی کی دعائیں کی جارہی ہیں ،رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنی تمام تر برکتوں کے ساتھ رخصت ہوتے ہی،، مسلمانوں کے لیے عید الفطر کا تحفہ بھی لاتا ہے ،ملک کے تمام شہروں کی چھوٹی بڑی مساجد میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملک کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔مساجد کے علاوہ،عید گاہوں اورکھلے میدانوں میں بھی عید کی نماز کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پرسیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے۔خیبرپختونخواکے بعض علاقوں اورفاٹا میں گزشتہ روزعید منائی گئی تھی۔عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات میں نمازعید کے اجتماعات ہوئے ، سب سے بڑا اجتماع ، فیصل مسجد میں ہوا جہاں ہزاروں فرزندان توحید رب کے حضور ، سجدہ ریز ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عید نماز،مشہور فیصل مسجد میں ادا کی ، اس موقع پر مسلم ممالک کے سفارت کاروں نے بھی وہاں نماز ادا کی، مسجد میں اور باہر سکیورٹی کے خصوصی انتطامات کئے گئے تھے، نماز کے بعد وزیراعظم ، وہاں موجود لوگوں میں گھل مل گئے اور عید کی مبارک باد دی ، اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں نماز عید کا مرکزی اجتماع لال مسجد میں ہوا ، اسی طرح مرکز جی نائن کراچی کمپنی ، سیکٹر ایف سکس، سیون ، ایٹ میں بھی نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے ، مساجد کی سکیورٹی کے لئے ڈیوٹی دینے والے اہل کار ، خوشی کے لمحات روایتی انداز میں منانے کی بجائے اپنے سرکاری فریضہ سرانجام دے کر پرمسرت بھی نظر آئے۔ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی ، حق پرست ارکان اسمبلی اورایم کیوایم کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کے اراکین نے عید الفطر کی نماز جناح گراوٴنڈ عزیزآباد میں ادا کی۔ عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کرنے والوں میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر فاروق ستار ، انیس احمد قائم خانی ، رابطہ کمیٹی کے اراکین طارق جاوید ،واسع جلیل ،ڈاکٹر نصرت ، اشفاق منگی ، مصطفی کمال ، ڈاکٹر صغیر احمد ، سلیم تاجک ، حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے علاوہ نمازیوں کی بڑی تعدا د شامل تھی۔ اس موقع پر اجتماعی دعا کی گئی جس میں ملک باالخصوص کراچی میں قیام امن ، دہشت گردی کے خاتمے ، حق پرستا نہ جدوجہد کی کامیابی ، بیماروں کی شفا یابی اور عوامی مسائل کے حل کے علاوہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی دارزی عمر اور صحت و تندرستی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ بعدازاں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے جناح گراوٴنڈ عزیز آباد اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر لوگوں سے عید ملی اور الطاف حسین کی جانب سے انہیں عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی۔ اسکے علاوہ باغ جناح ، عید گاہ ناطم آباد ،نشترپارک سمیت کئی مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئے۔قائم مقام صدر فاروق ایچ نائیک نے نماز عید گورنر ہاوٴس میں ادا کی۔جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ائی جی سندھ ، سی سی پی او اور دیگر افسران کے ہمراہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹرمیں نماز عید ادا کی۔