31 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:9
عطا اللہ خان نیازی کا چھوٹابھائی جاپان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی…دنیا بھر میں اپنی شہرت کا لوہا منوانے والے پاکستانیوں میں ایک اور پاکستانی کا اضافہ ہوگیا ہے یہ پاکستانی جاپان میں مقیممعروف گلوکار عطا اللہ خان نیازی کے چھوٹے بھائی حنیف خان نیازی ہیں جنھوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے جاپان کی قومی کرکٹ ٹیم میں آل راؤنڈر کی حیثیت سے جگہ بنالی ہے ، حنیف خان نیازی جو گزشتہ چھ سال سے جاپان میں مقیم ہیں انہوں نے جاپان کرکٹ لیگ میں اپنی بہترین آل راؤنڈ کارکردگی سے جاپانی سلیکٹرز کو متاثر کرکے جاپان کی قومی ٹیم میں جگہ حاصل کی ہے ، اس حوالے سے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حنیف خان نیازی نے بتایا کہ دو ماہ قبل ان کو جاپان کی قومی ٹیم میں جگہ ملی ہے ،انھوں نے بتایاکہ فاسٹ بولرہونے کے ساتھ ساتھ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں ، حنیف نیازی نے بتایاکہ قومی ٹیم میں جگہ حاصل کرنے بعد وہ آسٹریلیا کے دورے پر بھی جاچکے ہیں جہاں آسٹریلیا کی اے ٹیم کے ساتھ میچ میں انکی کارکردگی نے نہ صرف جاپانی سلیکٹرز کو بلکہ آسٹریلوی حکام کو بھی کافی متاثر کیا ہے ، حنیف نیازی نے بتایا کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل چکے ہیں جبکہ انکا تعلق سابق کپتان عمران خان کے آبائی علاقے میانوالی سے ہے جو انکے فیورٹ بھی ہیں تاہم انھوں نے خود کرکٹ اپنے بڑے بھائی جاوید خان نیازی سے متاثر ہوکر شروع کی جو خود بھی پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارم کرچکے ہیں تاہم گزشتہ بیس سال سے جاپان میں کاروباری مقاصد کے لیے مقیم ہیں اور پاک جاپان آٹوایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں ، حنیف نیازی نے بتایا کہ جاپان کو عنقریب آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کے لیے کوالیفائی کردیا جائے گا جس کے بعد جاپان عالمی ٹیموں کے ساتھ مقابلے میں بھی حصہ لے سکے گا اور ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرسکے گا۔