31 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:18
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش ،دوافراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چھتیں اور دیوار گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خیرپور میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ڈی سی او نے ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ خیرپور کے نواحی گاوٴں امام بخش خاصخیلی میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 7سالہ بچہ جاں بحق اور 2خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ سکھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ نوشہرو فیروز اور پڈ عیدن میں موسلادھار بارشوں کے باعث گلیاں اور سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔نواب شاہ میں شدید بارشوں کے باعث ڈاھری گوٹھ میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور3زخمی ہوگئے۔لاڑکانہ اور گڑھی خدا بخش میں موسلا دھار باش وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ جس کے باعث نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔جیکب آباد اور گردونواح میں تیز بارشوں کے باعث نکاسی آب کا نظام مفلوج ہوگیا ہے اور اکثر علاقوں میں 4 فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام درہم برہم ہوگیا۔حیدرآباد، جامشورو ٹھٹھہ، اور دادو میں ہونے والی بارشوں جہاں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے وہیں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دادو میں جاگیر شاخ میں مرکھ پور کے قریب 60فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔ جس کے باعث فصلیں زیر آب آگئیں اور لوگ قریبی اسکول میں پناہ گزین ہوگئے ہیں۔ملتان میں 37 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیارحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی بارش ہوئی۔