31 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:30
معیشت کی بہتری: اوبامہ نے کانگریس کا اجلاس بلانے کی درخواست کردی
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکی معیشت میں آنے والے بحران سے پریشان صدر اوبامہ نے 7ستمبر کو کانگریس کا مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست کردی ہے،تاکہ معاشی صورتحال کے حوالے سے انکے نئے منصوبے پر غور کیا جاسکے جو کہ امریکی معیشت میں نئی ملازمتوں کی تخلیق کے حوالے سے بنائی گئی ہے۔کانگریس کے اہم رہنماؤں کے نام صدر اوبامہ نے اپنے بدھ کی شام تحریرکردہ خط میں کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ ایسی تجاویز سامنے لائی جائیں جن پر کانگریس فوری اقدامات کرے اور امریکی معیشت کی تعمیر جاری رکھی جاسکے۔امکان ہے کہ صدر کے مجوزہ اجلاس سے خطاب پر معیشت کے حوالے سے ری پبلکن ارکان ایک نئی بحث شروع کردیں اور ان تجاویز کی حمایت نہ کریں، بتایا جاتا ہے کہ ان تجاویز میں اخراجات کے نئے منصوبے اور ٹیکس میں اضافے جیسے پروگرام شامل ہیں،صدر نے کہا کہ امریکا کو فی الوقت سیاست کو ایک طرف رکھ کر ایسے فیصلے کرنے چاہیں جو کہ ملک کے لیے بہتر ہوں،نہ کہ ہمیں اپنی جماعتوں کے مفاد کو سامنے رکھناچاہیے۔