تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 3:39

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں ،7 افرادہلاک، متعدد زخمی

جنگ نیوز -


حیدرآباد ... ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ نہروں اور کینالوں کے پشتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔سندھ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز زبردست بارشیں ہوئیں۔خیرپور میں رات تک جاری رہنے والی موسلادھار بارشوں سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ جبکہ نشیبی علاقوں میں برساتی پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔ نواحی گاوٴں امام بخش خاصخیلی میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 7سالہ بچہ جاں بحق اور 2خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ شدید بارشوں کے باعث کپاس کی فصل اور کھلے میدانوں میں رکھی لاکھوں روپے کی کھجوروں کو نقصان پہنچا۔ دادو ،نوشہروفیروز ،نوابشاہ ،میر پور خاص، اور ٹنڈو آدم میں طوفانی بارش کے باعث متعدد مکانات کی دیواریں اور چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور چودہ سے زائد زخمی ہوگئے۔طوفانی بارشوں سے مختلف علاقوں میں نہروں اور کینالوں کے پشتوں کو بھی نقصان پہنچا۔دادو کے علاقے مرکھ پور کے قریب جاگیر شاخ میں 60فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔ جس کے باعث کئی ایکڑ زرعی اراضی اور مکانات زیر آب آگئے۔نوشہروفیروز میں گاوٴں مولا داد مری کے قریب روہڑی کینال کے پشتوں سے رساوٴ کے باعث بھی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ میرپورخاص ضلع کی نہروں اور سیم نالوں میں طغیانی کے باعث محکمہ آبپاشی اور انتظامی عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے۔سکھر میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ادھر کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں مون سون بارشوں کے بعد قبائلی علاقہ کی ندیوں میں طغیانی آگئی ہے۔ فاضلہ کچھ اور دیگر علاقوں کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ لاہور میں فلڈ فورکاسٹنگ ڈویڑن کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان ڈویڑن اور بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ملتان میں تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ رحیم یار خان ، صادق آباد اور اوچ شریف میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علا قے زیر آب آگئے ہیں۔بلوچستان کے علاقے نصیر آباد اور جعفر آباد میں موسلادھار بارش کے باعث جعفر آباد سم کینال میں 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی شہری علاقوں میں داخل ہوگیا اور لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔نصیر آباد میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔چمن اور ملحقہ علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.