1 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:34
شاہراہ ریشم خطہ میں خوشحالی کا ذریعہ ہے،نائب چینی وزیراعظم
جنگ نیوز -
بیجنگ … چین کے نائب وزیراعظم لی کی گیانگ نے کہا ہے کہ شاہراہ ریشم خطہ میں خوشحالی کا ذریعہ اور ترقی کی بھرپور صلاحیت کی حامل ہے، چین ایشیاء اور یورپ کے مابین روابط میں اضافہ اور ڈھانچہ جاتی ترقی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ چائنا یور ایشیاء اقتصادی ترقی اور تعاون فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چائنا یور ایشیاء ایکسپو کے ساتھ ساتھ اقتصادی ترقی اور تعاون فورم کا اجراء ایشیاء اور یورپ کیلئے یکساں فوائد کے مقصد کے حصول کیلئے کیا گیا ہے جس کے ذریعے مشرق اور مغرب میں اقتصادی روابط اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی شاہراہ ریشم خطہ میں خوشحالی کا ذریعہ اور ترقی کی بھرپور صلاحیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ایشیاء اور یورپ کے درمیان روابط میں اضافہ اور ڈھانچہ جاتی ترقی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں مالی بدحالی کے باوجود گذشتہ برسوں میں چین نے مسلسل اقتصادی ترقی حاصل کی اور چین اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین سنکیانگ سمیت اپنے مغربی حصوں کو ترقی دینے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جو اپنی جغرافیائی اہمیت کی بناء پر یور ایشیاء کا نیا پل اور ایشیاء اور یورپ کے خطوں کے درمیان تجارتی راہداری کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔ کرغزستان کی صدر روزا اسما کوونا اوتن بائیوا، آذربائیجان کے نائب وزیراعظم عابد شیروف، قازقستان کے نائب وزیراعظم اسد او اسما کیوو، ہنگری کے سابق وزیراعظم پیٹر مڈگیسی نے بھی فورم سے خطاب کیا اور علاقائی تعاون میں اضافہ اور مشرق اور مغرب میں مواصلاتی روابط میں اضافہ کو ایشیاء اور اس سے آگے تک ترقی اور خوشحالی کے حصول میں اہم قرار دیا۔