2 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:13
سندھ میں طوفانی بارشیں،نوشہروفیروز اور خیرپور کے نشیبی علاقے زیرآب
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ خیر پور میں رات گئے سیلابی ریلے سے پچاس دیہات زیر آب آگئے۔خیر پور میں تیز بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ پہاڑی علاقے نارا میں پہاڑوں سے آنے والا برساتی ریلا چونڈکو شہر اور ملحقہ دیہات میں داخل ہوگیا۔ ڈی سی او خیر پور محمد عباس بلوچ کے مطابق برساتی ریلے سے پچاس دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ ضلع دادو میں بھی رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ضلع میں چار روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سیکڑوں ایکڑ پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں گاج ندی میں طغیانی آگئی۔ زیر تعمیر ڈرگھ بالا جوہی پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس کی وجہ سے کاچھو کے سیکڑوں دیہات کا تحصیل جوہی سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ حیدرآباد میں بدھ کی شام ہونے والی بارش نے شہری انتظامیہ کی کارکردگی بینقاب کردی۔ حیدر چوک ، لطیف آباد نمبر 6 ، لیاقت کالونی ، اسٹیشن روڈ اور ریلوے کالونی سمیت بیشتر علاقوں میں گلیوں اور سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جس کی نکاسی کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔