2 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:24
لیبیا:معمر قذافی کی مخالفین کے خلاف گوریلا جنگ شروع کرنے کی اپیل
جنگ نیوز -
طرابلس…لیبیا میں قذافی مخالفین کے لئے فرانس نے پندرہ ارب ڈالر اور سوئٹزر لینڈ نے پانچ سو ستر ملین ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وسری طرف روپوش معمر قذافی نے عوام سے مخالفین کے خلاف گوریلا جنگ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ عرب ٹی وی کو جاری آڈیو پیغام میں روپوش معمر قذافی کا کہنا تھا کہ وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور طویل لڑائی کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لیبیا کے تیل کے کنووں اور بندگاہوں کا کنٹرول مغربی ممالک کے پاس جانے نہیں دیں گے۔ معمر قذافی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمن کو شکست دینے کے لئے خود کو گوریلا جنگ کے لئے تیار کریں۔ ادھر سوئٹزر لینڈ نے لیبیا کے 570 ملین یورو کے منجمد اثاثوں میں سے 294 ملین یورو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانس کے صدر نکولس سارکوزی نے بھی لیبیا میں تعمیر نو کے سلسلے میں مخالفین کو قومی عبوری کونسل کے لئے 15 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیرس میں ہونے والی لیبیا کانفرنس میں شریک ممالک نے لیبیا کی تعمیر نو سے متعلق امور پر غور کیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی اشارہ دیا ہے کہ اگلے ہفتے تک لیبیا پر عائد کچھ پابندیاں نرم کردی جائیں گی۔ معمر قذافی کے بیٹے خامس کو طرابلس کے جنوب میں صلاح الدین کے علاقے میں دیکھے جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔ خمیس کے بارے میں مخالفین نے دعوی کیا تھا کہ وہ ہلاک ہوچکے ہیں۔