3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:6
پاکستان، بھارت میں مسئلہ کشمیر پرسمجھوتے پر اتفاق ہوگیا تھا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن…وکی لیکس کے جاری کردہ امریکی سفارتی مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2007 میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان سمجھوتے پر اتفاق ہوگیا تھا۔سفارتی مراسلے کے مطابق یہ بات بھارتی وزیر اعظم نے اپریل 2008 میں سینئر امریکی وفد کو بتائی جس کی سربراہی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ ہاورڈ برمن کررہے تھے۔ من موہن سنگھ نے وفد کو بتایا کہ بیک چینلز کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر اہم پیش رفت فروری 2007 سے پہلے ہوچکی ہے۔ صدر پرویز مشرف نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان non territorial solution پر اتفاق کیا ہے جس میں نقل و حرکت کی آزادی اور تجارت بھی شامل ہیں۔ مراسلے کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے امریکی وفد کو مزید بتایا کہ بھارت ایک مضبوط ، مستحکم ، پرامن اور جمہوری پاکستان چاہتا ہے اور پاکستان کی ایک انچ زمین پر بھی اس کا دعویٰ نہیں ہے۔