3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:8
قادرپورگیس فیلڈ کی سالانہ مرمت قبل از وقت مکمل
جنگ نیوز -
کراچی......قادرپورگیس فیلڈ کا شٹ ڈاوٴن کام شیڈول سے پہلے ہی مکمل کرکے وہاں سے سوئی ناردرن کمپنی کو گیس سپلائی کی بحالی شروع کردی گئی ہے ۔وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین نے جیونیوز کو بتایا کہ قادر پور گیس فیلڈ کو سالانہ مرمت کیلئے بیس روز بند رکھا جاتا تھا ، اس بار یہ کام دس روز میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا جبکہ شٹ ڈاوٴن کرنے والی ٹیم نے ہدف چار روز میں ہی حاصل کرلیا، وزیرپٹرولیم نے بتایا کہ قادرپورفیلڈ سے سوئی ناردرن کو پہلے روز دن میں 68 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جارہی ہے، شام یا رات تک اس کی مقدار 150 ایم ایم سی ڈی ایف ہوجائے گی اور 4 سو ملین مکعب فٹ کا مکمل ہدف پیر تک حاصل کرلیا جائے گا، ڈاکٹرعاصم حسین نے بتایا کہ قادر پور گیس فیلڈ کی سالانہ مرمت قبل ازوقت ہونے سے ملکی معیشت کو 30 ارب روپے کا فائدہ ہوا ہے، صدرمملکت اور وزیراعظم نے بھی اس کامیابی پر اوجی ڈی سی ایل ورکرز کو مبارک باد دی ہے ۔