3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:8
کیانی فو ج پر سویلین حکومت کے کنٹرول کی شرط سے ناراض تھے، وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن....وکی لیکس کی طرف سے جاری کی گئی امریکی سفارتی دستاویز کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے امریکی سفیر سے ملاقات میں بتایا تھا کہ کیری لوگر بل کے معاملے میں ان پر کور کمانڈرز کا بہت زیادہ دباوٴ ہے۔وکی لیکس کے مطابق جنرل کیانی اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل احمد شجاع پاشا سے امریکی سفیر کی ملاقات 6 اکتوبر 2009 کو ہوئی جس کے ایک دن بعد سفارتی مراسلہ واشنگٹن بھیجا گیا۔ مراسلے کے مطابق جنرل کیانی نے امریکی سفیر کو بتایا کہ کیری لوگر بل کے مسئلے پر کور کمانڈرز کا بہت دباوٴ ہے۔ سات اکتوبر کو کور کمانڈرز اجلاس میں ان سے کیری لوگر بل کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ انہیں صورت حال سنبھالنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ وہ بل پر ایک بیان جاری کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ کیا کہیں۔ مراسلے کے مطابق جنرل کیانی بل کی اس شرط پر ناراض تھے جس کے مطابق اندازہ لگایا جائے گا کہ فوج پر سول حکومت کا کتنا کنٹرول ہے۔ جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ یہ شرط کیوں لگائی گئی جبکہ ان کا حکومت پر قبضے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اگر حکومت کا تختہ الٹنا ہوتا تو مارچ میں لانگ مارچ کے دوران ہی یہ کام کرلیتے۔