10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:58
جمرود دھماکا طالبان رہنماوٴں کی ہلاکت کا ردعمل ہوسکتا ہے،میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور… خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ خیبرایجنسی دھماکا، اورکزئی اورکرم ایجنسیز میں کارروائی یا پھر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں اہم طالبان رہنماوں کی ہلاکت کاردعمل ہو سکتا ہے۔ وہ پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں جمرود دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ میاں افتخارنے کہا کہ اچھے اور برے سب طالبان کو ایک ہی پیمانے میں رکھنا چاہیئے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چھپ چھپ کر مذاکرات کی بجائے مذاکراتی ٹیموں کا اعلان ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں مایوس ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا راستہ ہموار ہونا چاہیئے تاہم اس سے قبل امریکہ ، پاکستان اور افغانستان کو اپنے باہمی معاملات ٹھیک کرنا ہوں گے۔ میاں افتخار نے کہا کہ صرف ہتھیار پھینک کر حکموتی رٹ تسلیم کرنے والے طالبان سے ہی مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ میاں افتخار نے کہا کہ دہشت گردی کاروبار بن چکا ہے۔ تاہم دہشت گردوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ محرم کے حوالے سے رحمن ملک کے بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ ان کے بیان سے اتفاق نہیں کرتے ۔