10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:59
پنجاب حکومت آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی،پرویز الٰہی
جنگ نیوز -
لاہور … سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی، صوبے میں جرائم کی اتنی خراب صورتحال کبھی نہیں رہی۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں سینئر وکیل نصراللہ وڑائچ کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرائم کئی گنا بڑھ گیا ہے، ممتاز قانون داں نصراللہ وڑائچ کی ٹارگٹ کلنگ حکومتی نااہلی ہے، جب تک پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں کرتی اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف لاہور کے رہنے والے ہیں مگر لاہور میں ڈکیتیوں، اغوا برائے تاوان اور قتل سمیت روزانہ 400 سے زائد وارداتیں ہو رہی ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں پنجاب کا لیڈنگ رول تھا مگر اب یہ صوبہ ہر معاملے میں سب سے پیچھے ہے ۔