10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:43
سپریم کورٹ کا فیصلہ : اتحادی جماعتوں کا ایوان صدر میں اہم اجلاس
جنگ نیوز -
اسلام آباد....سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے منگل کو این آر او کیس کے فیصلے کے تناظر میں حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ایوان صدر اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے۔جس میں صدر آصف علی زرداری ، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی،چوہدری شجاعت حسین،ڈاکٹرفاروق ستار،اسفندیارولی،بابر غوری ،افراسیاب خٹک، منیر اورکزئی،میر اسرار الله زہری سمیت پیپلزپارٹی ، اے این پی ، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق کے دیگر رہنماء بھی شریک ہیں،معلوم ہوا ہے اس اجلاس کی صدارت مشترکہ طور پر صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی کررہے ہیں۔ادھر ترجمان ایوان صدر کے مطابق اجلاس سے قبل صدر اور وزیراعظم کے درمیان علیحدگی میں ملاقات ہوئی۔ ترجمان کے مطابق صدر اور وزیراعظم اتحادی جماعتوں کے سربراہاں سے بھی ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آج سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے والے فیصلے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔یاد رہے کہ صدر زرداری منگل شام کو ہی کراچی سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔