10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:43
سلیم شہزاد کمیشن نے رپورٹ تیارکرلی، کسی پر ذمہ داری عائد نہ کرسکا
جنگ نیوز -
اسلام آباد....صحافی سلیم شہزاد کے قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ہے،کمیشن نے اس قتل کی ذمہ داری براہ راست کسی ادارے یا فرد پر عائد نہیں کی تاہم اپنے شکوک و شبہات کو حتمی رپورٹ کا حصہ بھی بنادیا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں کمیشن نے تقریبا چھ ماہ میں کارروائی مکمل کرکے رپورٹ تیارکرلی ہے۔ ذرائع نے جیونیوز کو بتایاہے کہ اس رپورٹ میں سلیم شہزاد کے قتل سے متاثرہ خاندان کی کفالت اور دیگر صحافیوں کی شکایات کیلئے پی ایف یوجے کی سفارشات کو شامل کیاگیاہے۔ کمیشن نے صحافیوں کی شکایات کیلئے حکومت کو محتسب ادارہ بنانے کی سفارش کی ہے، یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ سلیم شہزاد کے بچوں کی تمام عمر تعلیم کا خرچ حکومت برداشت کرے اور متاثرہ فیملی کو 30 لاکھ روپے امداد دی جائے۔ سلیم شہزاد کمیشن میں بیان دینے والے 41 افراد نے قتل کی و جوہات پر مختلف آراء دیں ہیں اور تمام شواہد اور بیانات میں کسی ایک ادارہ یا فرد کو ذمہ دار قرار نہیں دیاگیا ہے۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق کمیشن کے سیکرٹیری نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی۔اعلامیہ کے مطابق کمیشن نے اپنی رپورٹ کو 9 جنوری کو حتمی شکل دی اور رپورٹ پر تمام ارکان کے دستخط ہیں۔