5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کوئٹہ : القدس ریلی میں خودکش دھماکا،20سے زائدافراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کوئٹہ....کوئٹہ میں یوم القدس کی ریلی میں خودکش دھماکے سے20سے زائد افراد جاں بحق اور80سے زائد زخمی ہوگئے۔آئی جی بلوچستان ملک اقبال نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریلی پر ہونے والا دھماکا خودکش تھا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں آئی ایس او کے زیر اہتمام یوم القدس کی ریلی نکالی جارہی تھی ،جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے ۔ریلی کے شرکاء جیسے ہی میزان چوک پر پہنچی ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا ، دھماکے کے بعد ریلی میں بھگدڑ مچ گئی اور بعض مسلح افراد نے شدید فائرنگ کی اور فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔دھماکے سے جیونیوز کے کیمرہ مین سمیت میڈیا کے مختلف نمائندے زخمی ہوگئے۔دھماکے کے بعد کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔سی سی پی او کوئٹہ نے 20افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، اور 50افراد کو زخمی بتایا ہے ،تاہم آزاد ذرائع کے مطابق زخمیوں کی تعداد 80سے 100کے درمیان ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سول اسپتال میں13،بولان میڈیکل کمپلیکس میں4 اور سی ایم ایچ میں2 لاشیں لائی گئی ہیں۔سول اسپتال کے باہر بھی بعض مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے طبی عملے کو زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب میزان چوک پر مشتعل مظاہرین نے قبضہ کررکھا ہے، اور پولیس کے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ، جس کی وجہ سے میڈیا کی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت پولیس حکام بھی جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔