تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

کوئٹہ:یوم القدس ریلی میں دھماکا، 54افراد جاں بحق

جنگ نیوز -
کوئٹہ …کوئٹہ کے میزان چوک پر یوم القدس ریلی میں خودکش دھماکے سے54 افراد جاں بحق اور80 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور پانچ گاڑیوں کو آگ لگادی .پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت یوم القدس ریلی کے شرکا میزان چوک پہنچے تو دھماکا ہوگیا ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے اور فائرنگ سے54 افراد جاں بحق اور80 سے زائد زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں جیونیوز کے کیمرہ مین عمران مختار اور سات صحافی بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال ، بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال اور کمبائنڈ ملٹری اسپتال پہنچایا گیا ۔ سی ایم ایچ میں34 لاشیں ، سول اسپتال میں10 اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں6 لاشیں لائی گئیں ۔ کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ دھماکے کے بعد مشتعل افرادسول اسپتال پہنچ گئے اور وہاں شدید فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی جس سے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔دھماکے کے بعد مشتعل افراد نے میزان چوک میں بھی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی کوشش کی ۔ بعد میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ گاڑیوں کو بھی آگ لگادی ۔ شہر میں خوف و ہراس کا ماحول ہے ۔ جناح روڈ سمیت کئی علاقوں میں دکانیں بند کردی گئی ہیں ۔ آئی جی پولیس بلوچستان ملک محمد اقبال کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ حملہ آور کا سر پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ آئی جی کاکہنا ہے کہ یوم القدس ریلی کے موقع پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے تھے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.