تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کی جھڑپ

جنگ نیوز -
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ جاگیردارانہ نظام کی نام نہاد مخالف ایم کیو ایم نے صدارتی انتخابات میں دو بڑے جاگیرداروں فاروق لغاری اور آصف زرداری کا ساتھ دیا ،جبکہ متحدہ کے رہ نما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب جنوبی پنجاب کے عوام اور سیلاب متاثرین کو تخت لاہور سے ہمیشہ کے لیے نجات دلا دی جائے گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں چوہدری نثار اور فاروق ستار کی تقاریر کے دوران دونوں جماعتوں کے اراکین میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ چودھری نثار نے الطاف حسین اور ایم کیو ایم پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب لانے والے پہلے ملکہ برطانیہ کا حلف چھوڑ کر پاکستان کی دھرتی کا حلف لیں اور پاکستان واپس آئیں۔انہوں نے کہا کہ جاگیر دارانہ نظام کی نام نہاد مخالف ایم کیو ایم نے1994 اور2008 کے صدارتی انتخابات میں ملک کے بڑے جاگیرداروں فاروق لغاری اور آصف زرادری کا ساتھ دیا۔ چوہدری نثار نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے ہائی کمشنر کو طلب کر کے جواب مانگا جائے کہ ان کے ملک کے شہری نے پاکستان کے بارے میں بیان کیسے دیا ۔۔انہوں نے کہا کہ کسی فوجی جرنیل کو حکومت تبدیل کرنے اور احتساب کا اختیار نہیں دیا جا سکتا اور اگر ایسا ہوا تو مسلم لیگ ن پوری قوت سے راستے کی دیوار بنے گی۔انہوں نے کہا کہ فوج کی طرف سے امداد اکٹھی کرنا غیر آئینی ہے جس کا وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں نوٹس لیں گے۔۔ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے جوابأٴ مسلم لیگ ن کی قیادت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مخالفین الطاف حسین کے بیانات پر ایسے تلملا رہے ہیں جیسے کسی نے دم پر پاؤں رکھ دیا ہو۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام اور سیلاب متاثرین کو تخت لاہور کی غلامی سے ہمیشہ کے لیے نجات جلد دلا دی جائے گی ۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کسی سے معاہدہ کر کے یا معافی مانگ کر ملک سے باہر نہیں گئے ، میاں نواز شریف کو سزائیں سنائی گئیں تو وہ صھت کا بہانہ بنا کر بیرون ملک چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ جو بات قائد تحریک نے کہی وہی وزیر اعلیٰ پنجاب نے بولی کہ ملک خونی انقلاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اگر ملک میں ہنگامی صورتحال ہو اور آرٹیکل187 اور190 پر اتفاق کر لیا جائے تو کوئی حرج نہیں۔۔انہوں نے کہا کہ متحدہ کل بھی مارشل لا کے خلاف تھی ، آج بھی خلاف ہے اور کل بھی رہے گی، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت بھی نوشتہ دیوار پڑھ لے ،جو بگاڑ جاری ہے اس میں وفاقی اور پنجاب حکومت برابر کی شریک ہیں۔اجلاس میں ن لیگ اور ایم کیو ایم کی اس جھڑپ اور سیلاب پر بحث نہ کرانے پر ق لیگ کے ارکان نے احتجاجا واک آؤٹ بھی کیا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.