5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
خیرپورناتھن شاہ:قومی شاہراہ کا آٹھ کلومیٹرحصہ ڈوب گیا
جنگ نیوز -
خیرپورناتھن شاہ… سیلابی ریلے سے دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ سے ملحقہ قومی شاہراہ کا آٹھ کلومیٹرحصہ ڈوب گیا،ٹھٹھہ کی تحصیل جاتی مکمل زیرآب آجانے کے بعد پاک آرمی کا ریسکیوآپریشن جاری ہے، ادھر جیکب آباد کا ملک بھر سے زمینی رابطہ22 ویں روز بھی منقطع ہے۔ خیرپور ناتھن شاہ سے ملحقہ قومی شاہراہ زیر آب آنے سے تین سو سے زاید دیہات زیر آب آگئے ہیں ۔ ضلع قمبر شہدادکوٹ کے علاقے وارہ اورنصیرآباد کے شہروں کو بدستور سیلاب کا خطرہ برقرارہے۔ خیرپورناتھن شاہ کے قریب انڈس ہائی وے کا چار کلومیٹر کاحصہ بھی زیرآب آچکاہے جبکہ سیلابی پانی سیتا روڈ کے قریب پہنچنے کے بعد لوگوں نے نقل مکانی کرنا شروع کردی ہے۔جوہی برانچ میں گذشتہ روز کٹ لگائے جانے کے بعد پانی گاؤں ٹھرری جادوشہید میں داخل ہوگیا ہے۔ تین روز قبل محبت فقیر شاہ کی ایم این وی ڈرین میں پڑنے والے شگاف کا پانی جوہی شہر کے قریب پہنچ رہاہے۔ سیلابی ریلے سے ٹھٹھہ کی تحصیل جاتی زیرآب آنے کے بعد پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لئے پاک آرمی کا ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔آٹھ دن قبل ایم ایس بند میں پڑنے والا شگاف مزید چوڑا ہوگیا اور پانی چوہڑ جمالی کے قریب پہنچ گیاہے ۔ کوٹری بیراج میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہورہی ہے۔ ادھر جیکب آباد شہر کا22 دن سے ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ جس کے باعث اشیائے خورونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔شہر میں پانی کھڑے رہنے کے باعث پیٹ، جلد اور دیگر بیماریوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔