5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
فرانس میں اب بحث کا موضوع برقعے سے برگرز کی طرف
جنگ نیوز -
پیرس…سینٹرل مانیٹرنگ…کافی عرصے سے فرانس میں مسلمان خواتین کے برقعے کے حوالے سے شدید بحث چھڑی ہوئی تھی جسکا اختتام بلاآخر برقعے پر پابندی سے ہوگیا تاہم اب بھی مسلمانوں کی اسلامی روایات ، اقتداراورثقافت فرانس میں مسلسل زیرِ بحث ہیں۔اس کی تازہ ترین مثال فرانس کے کئی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس پر پیش کی جانے والی حلال غذائیں خصوصاً برگرز ہیں ۔فرانس کے پارلیمنٹ میں بحث کا موضوع برقعے پر پابندی کے بعد اب حلال برگرز کی طرف موڑ دیا گیا ہے اور مسلمان کمیونٹی کو جداگانہ اور امتیازی محرکات کو فروغ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔فرانس کی کئی مشہور فاسٹ فوڈ چینز نے کافی عرصے سے اپنے کئی ریسٹورانٹس پر حلال کھانے متعارف کروادیے ہیں جس کی بنیادی وجہ غیر مسلم آبادی کے ساتھ مسلمان صارفین کو بھی اپنے کھانوں تک رسائی فراہم کرناہے ۔واضح رہے کہ فرانس کی ایک ایجنسی کے تحت کروائے گئے سروے میں یہ نتائج سامنے آئے ہیں کہ فرانس جہاں کی63ملین کی آبادی میں5ملین مسلمان ہیں وہاں حلال فوڈز کی مارکیٹ میں سالانہ15فیصد اضافہ ہورہا ہے۔