5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
بہاول پور ضمنی الیکشن : حلقہ NA-184میں پولنگ مکمل،گنتی شروع
جنگ نیوز -
بہاول پور....بہاول پور میں قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے184پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ مکمل ہوگئی ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔پولنگ صبح8 بجے شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفہ کے شام5 بجے تک جاری رہی۔ تاہم وقت ختم ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موجود ووٹر ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔ صبح پولنگ شروع ہوتے ہی اسٹیشنوں پر ووٹروں کا رش دیکھنے کو ملا۔ پولنگ اسٹیشن پر ووٹروں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی تاہم اکا دکا مقامات پر ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔ پولنگ اسٹیشن67 میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ جس کے بعد کچھ دیر پولنگ روک دی گئی۔ پولیس نے پولنگ اسٹیشن ہتھی جی سے سابق ناظم ملک سعید احمد سمیت تین افراد کو حراست میں لے کراسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ پولنگ کے دوران سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس اور رینجرز کے دستے سارا دن گشت کرتے رہے۔ اس نشست پر مجموعی طور پر12 امیدواروں نے حصہ لیا۔ تاہم اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کی امیدوار خدیجہ عامر وارن اور مسلم لیگ ن کے میاں نجیب الدین اویسی کے درمیان ہے۔ یہ نشست سردار عامر یار وارن کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر خالی ہوئی تھی۔