5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلاب کے باعث دادو اور میہڑ سے لوگوں کی نقل مکانی
جنگ نیوز -
سیلاب کے خطرے کے باعث دادو اور میہڑ سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ ڈی سی او ٹھٹھہ کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ سے سیلابی ریلا گزر رہا ہے جبکہ یہاں کے بند مضبوط نہیں ہیں۔ دوسری طرف کارو گنگڑوسیم نالے کے قریب او جی ڈی سی کی آئل اینڈ گیس فیلڈ میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ دادو کی تحصیل خیرپور ناتھن شاہ ،میہڑ اور جوہی کے سیکڑوں دیہات زیر آب آنے کے بعد دادوسے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ ادھر میہڑ میں بھی لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرنا شروع کردی ہے۔ سینئر وزیر پیر مظہر الحق کا کہنا ہے کہ ایم این وی ڈرین سے دادو شہر کو خطرہ ہے۔ دادو میں موندر کے مقام سے دولاشیں نکال لی گئیں۔ادھرسپریوبند میں شگاف کے بعد گاجی کھاوڑ اور میہڑ کے درمیان سیم نالے کا پل بہہ گیا اور سیلابی ریلا نصیر آباد کی جانب بڑھ رہاہے۔ ٹھٹھہ کی تحصیل جاتی میں مین پِنجاری نہر میں پڑنے والے شگاف سے سیلابی ریلا تحصیل جاتی سے ہوتا ہوا ضلع بدین کی تحصیل گولارچی کی جانب بڑھ رہاہے، جس سے کارو گنگڑوسیم نالے کے قریب او جی ڈی سی کی نور2 آئل اینڈ گیس فیلڈ میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ دوسری طرف ڈی سی او منظور شیخ کا کہنا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ سے سیلابی ریلا گزر رہا ہے لیکن وہاں کے حفاظتی بند محفوظ نہیں۔