5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
لکی مروت خودکش حملے میں شہادتوں کی تعداد14ہو گئی،39دیگر زخمی
جنگ نیوز -
لکی مروت…خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے میں شہادتوں کی تعداد14ہو گئی جب کہ39دیگر زخمی ہیں، جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق مبینہ دہشت گرد نے علی الصبح بارود سے بھری گاڑی لکی سٹی تھانے کی عقبی دیوار سے ٹکرادی جس سے عمارت کا ایک حصہ تباہ ہوگیا، جبکہ لکی سٹی اسپتال سمیت اردگرد کی دیگرعمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملے کی زد میں پولیس اہل کاروں کے علاوہ اسکول جانے والے بچے اور راہ گیر بھی آئے ہیں۔واقعے کے وقت چالیس سے پینتالیس اہلکار تھانے میں موجود تھے۔ عمارت کے تباہ شدہ حصے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے اور اب تک تیرہ لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جن میں پانچ پولیس اہل کار اور چار اسکول کی بچیاں شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں آٹھ پولیس اہ لکار شہید ہوئے ہیں۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل ناکا بندی کردی ہے۔