5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
یلابی ریلا جوہی بیراج سے ٹکراکرخیرپور ناتھن شاہ کی طرف گامزن
جنگ نیوز -
دادو . . . . . . .سیلابی ریلا دادو کی سب سے بڑی تحصیل میہڑ کے حفاظتی بند سے ٹکراگیاہے،دوسری طرف خیرپور ناتھن شاہ شہر سے آنے والاسیلابی ریلا جوہی بیراج سے ٹکرانے کے بعد واپس شہر کی جانب بڑھ رہاہے۔ضلع دادو میں سیلاب کے باعث تین تحصیلیں میہڑ،خیرپور ناتھن شاہ اور جوہی شدید متاثرہوئی ہیں۔ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر میہڑ کے شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔سیلاب کے باعث جوہی شہر کا زمینی رابطہ دادو اور بھان سعید آباد سے منقطع ہوگیا ہے۔جوہی شہر کی حفاظت کے لئے تعمیر کیاگیاعارضی بند پر سیلابی ریلے کا دباؤ بڑھتا جارہاہے اورمقامی افراد بند کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت مٹی کی بوریاں ڈال رہے ہیں۔دوسری طرف خیرپور ناتھن شاہ شہر سے آنے والاسیلابی ریلہ جوہی بیراج سے ٹکرانے کے بعد واپس شہر کی جانب بڑھ رہاہے۔ لاڑکانہ کے شہر شہدادکوٹ میں سیلاب کا خطرہ ٹل جانے کے بعد شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ سپریو بند اور گاجی کھاوڑ کے نزدیک واقع سیم کینال میں شگاف کے بعد سیلابی ریلا وارہ کے قریب پیر واہ اور نصیرآباد کے قریب سیم کینال کے پشتوں سے ٹکرارہاہے۔ادھرشہدادکوٹ شہر کو بچانے کے لئے موٹروے پر تعمیر عارضی حفاظتی بند سے پانی کی سطح تین سے چار فٹ کم ہوچکی ہے اورشہدادکوٹ کو درپیش سیلاب کاخطرہ ختم ہوچکاہے۔سیلابی ریلا ٹھٹھہ اور بدین کے درمیان واقع کاروگنگڑو کے قریب مالیاواہ کے پشتوں سے ٹکراگیاہے۔