5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرے گی، بابر اعوان
جنگ نیوز -
کراچی…وفاقی وزیر قانون بابراعوان نے کہا ہے کہ پارلیمانی نظام کے متعلق قرارداد کی منظوری کے بعد الطاف حسین کے بیان پر بحث ختم ہوجانی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں بدمزگی کی باتیں سوچنے والوں کی خواہش پوری نہیں ہو گی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرے گی۔انہوں نے یہ بات صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کا تسلسل اور انہیں مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں سب اداروں کو آئین کے مطابق چلنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام کی خواہش ہے کہ اٹھارویں ترمیم کا کیس جلد فائنل ہو سکے تاکے اسلام آباد ہائی کورٹ شروع کی جا سکے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس20 ستمبر کو طلب کئے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ سے جمہوری نظام سے متعلق قرارداد حکومت پر اعتماد ہے جس کے بعد الطاف حسین کے بیان پر بحث ختم ہو جانی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ قوم فرضی سروے پر یقین نہیں رکھتی اصل سروے ووٹ کا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ اسمبلی کے اجلاس میں متاثرین سیلاب نہیں بلکہ سیاسی سیلاب پر باتیں کی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کو مجھ سے بہت لگاؤ ہے پنجاب میں تمام سیاسی مقدمات ختم کر دئیے گئے لیکن میرے مقدمات ابھی تک چل رہے ہیں۔