تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

عوام تیزی سے بیدارہور ہے ہیں، انقلاب کاراستہ نہیں روکا جاسکتا،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان میں عوامی انقلاب کیلئے ملک بھر کے عوام اوردنیاکے مختلف ملکوں میں رہنے والے پاکستانیوں میں جس تیزی سے بیداری آرہی ہے اوروہ انقلاب کے پیغام پر جس جوش وجذبہ کااظہارکررہے ہیں اسے دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ اب پاکستان میں غریب ومتوسط طبقہ کے انقلاب کاراستہ نہیں روکاجاسکتا۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روزپاکستان کے مختلف شہروں اور اوربیرون ممالک سے فون کرنے والے افرادسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔واضح رہے کہ جب سے الطاف حسین نے ملک سے کرپٹ نظام کے خاتمہ کیلئے انقلابِ فرانس کی طرز پر انقلاب ِ پاکستان کی بات کی ہے اس کے بعدسے پاکستان سمیت دنیاکے مختلف ممالک سے ایم کیوایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کو الطاف حسین کیلئے بے پناہ فون کالزموصول ہورہی ہیں اور عوام اب الطاف حسین سے اپنے جذبات کااظہارکرناچاہتے ہیں۔اس پر الطاف حسین نے عوام سے انکے خیالات جاننے کیلئے ہراتوار کو شام پانچ بجے( پاکستانی وقت) سے سات بجے تک عوام کی ٹیلیفون کالز وصول کرنے کا اعلان کیاتھا۔گزشتہ روزبھی ملک اور بیرون ملک سے لوگوں کے بڑی تعداد میں فون موصول ہوئے ۔مقررہ وقت سے پہلے ہی ٹیلیفون کالزکی بھرمار کے باعث سیکریٹریٹ کی تمام ٹیلیفون لائنیں جام ہوگئیں ۔ فون کرنے والے نوجوانوں ، بزرگوں، خواتین ، طلبہ وطالبات اور سیاسی کارکنوں نے ملک سے کرپٹ نظام کی تبدیلی اورعوامی انقلاب برپا کرنے کے جراتمندانہ خیالات پر الطاف حسین کوزبردست مبارکبادپیش کی اورانہیں یقین دلایاکہ وہ انقلاب کی اس جدوجہد میں ہر طرح سے انکے ساتھ ہیں اور ہرقسم کی قربانی دینے کیلئے تیارہیں ۔ الطاف حسین نے فون کرنے والے افرادکے خیالات اور تجاویزکاخیرمقدم کیا اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، موروثی سیاست اورکرپٹ سیاستدانوں سے بیزارہوچکے ہیں اورعوامی انقلاب کیلئے پاکستان اور دنیا کے مختلف ملکوں میں رہنے والے پاکستانیوں میں جس تیزی سے بیداری آرہی ہے اوروہ انقلاب کے پیغام پر جس جوش وجذبہ کااظہارکررہے ہیں اسے دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ اب پاکستان میں غریب ومتوسط طبقہ کے انقلاب کاراستہ نہیں روکا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی طاقت سے ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ کریں گے اورملک کو غریب ہاریوں،کسانوں اورمزارعوں پرظلم کرنے والے جاگیرداروں ، وڈیروں، سرداروں اورملکی دولت لوٹنے والے تمام چوروں اور لٹیروں سے نجات دلائیں گے۔عوام سے بات چیت کیلئے دوگھنٹہ کاوقت مقررکیاگیاتھالیکن عوام کی جانب سے بڑی تعدادمیں موصول ہونیوالی کالزپر الطا ف حسین نے تین گھنٹہ تک عوام سے بات چیت کی تاہم اس کے باوجود سینکڑوں افرادجناب الطاف حسین سے فون پر بات چیت کرنے سے محروم رہے۔
















متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.