تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

ضلع دادو:جوہی کے ایف پی حفاظتی بند میں15 فٹ چوڑا شگاف

جنگ نیوز -
جوہی ... ضلع دادو کی تحصیل جوہی میں ایف پی حفاظتی بند میں 15 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا ہے جس سے نکلنے والاسیلابی ریلا تیزی سے جوہی بیراج کی طرف بڑھ رہا ہے۔ دادومیں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر جیل سے تمام قیدیوں کو حیدرآباد سینٹرل جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ جیکب آبادسے نقل مکانی کرنے والے لوگ کشتیوں کے ذریعے اپنے گھروں کو واپس آنا شروع ہوگئے ہیں۔ضلع دادو کی تحصیل جوہی میں گاؤں اللہ بچایو جمالی کے مقام پرایف پی بند میں15 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق شگاف کو پر کرنے کے لیے دیہاتی اور ایریگیشن کا عملہ شگاف کے مقام پر موجود ہے۔ جبکہ حفاظتی بند سے نکلنے والا سیلابی ریلا تیزی سے جوہی بیراج کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ کے باعث شگاف کے مزید چوڑے ہونے کا خدشہ ہے۔ کورکمانڈرکراچی شاہد اقبال نے دادوکا دورہ کیا جہاں بریگیڈئیر زبیر کی جانب سے انھیں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں سیلاب کی صورت حال پربریفنگ دی ۔ انھیں بتایاگیاکہ آرمی اور نیوی کی188 کشتیاں اور 5ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہاہے۔ متاثرین سیلاب کی منتقلی کے لیے ٹرین سروس بھی شروع کی جائے گی۔دوسری جانب سپریو بند اور گاجی کھاوڑ کے سیم کینال سے نکلنے والاسیلابی ریلا پیر واہ اور نصیرآباد کے قریب سیم کینال کے پشتوں سے ٹکرارہاہے۔جبکہ شہدادکوٹ سے سیلاب کاخطرہ ٹل گیا ہے۔ ایک سیلابی ریلا ٹھٹھہ اور بدین کے درمیان واقع کاروگنگڑو کے قریب مالیاواہ کے پشتوں سے ٹکراگیا ہے۔ ادھرجیکب آباد سے سیلاب کے پیش نظر نقل مکانی کرنے والے لوگ کشتیوں کے ذریعے اپنے گھروں کو واپس آنا شروع ہوگئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.