23 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:29
کراچی میں فوج طلب کی جا سکتی ہے، ذوالفقار مرزا
آج نیوز - سندھ کے سینئر وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ ضرورت پڑی تو کراچی میں مسائل کے حل کیلئے آئینی طریقے سے فوج طلب کی جا سکتی ہے۔ کراچی سے اسلام آباد پہنچنے کے بعد ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ماضی میں بھی فوج بلائی جاتی رہی ہے، سندھ میں رینجرز اور ایف سی کافی عرصے سے موجود ہیں، پولیس کو ہمیشہ سے اختیارات استعمال کرنے کی اجازت ہے، موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ پہلے صوبائی حکومت اپنے اختیارات استعمال کرے۔ ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ وہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا ذاتی طور پر بہت احترام کرتے ہیں، وہ پارٹی میں ان سے سینئر پوزیشن پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری امن کمیٹی کا کوئی وجود نہیں، اس پر پابندی عائد ہو چکی ہے۔ رحمان بلوچ کے بعد امن کمیٹی کی قیادت کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کیلئے الزامات عائد کرنے سے کچھ نہیں ہو گا۔