23 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:17
سری لنکا نے آسٹریلیا کیخلاف پانچواں ون ڈے جیت لیا
آج نیوز - سری لنکا نے پانچویں ایک روزہ کرکٹ میچ میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ کینگروز نے سیریز تین دو سے جیت لی۔ کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو سو گیارہ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شین واٹسن، چھپن، مائیکل کلارک سینتالیس اور ڈیوڈ ہسی چھیالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ لسیتھ ملنگا نے ہیٹ ٹرک بنائی یہ ان کے کریئر کی تیسری ہیٹ ٹرک تھی۔ لنکن بولراجنتھا مینڈس نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکا نے مہیلا جے وردھنے اور چمارا سلوا کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف سینتالیس ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ مہیلا جے وردھنے اکہتر اور چمارا سلوا تریسٹھ رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ پانچ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے تین دو سے کامیابی حاصل کی۔