23 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:2
بھارت: انا ہزارے کی بھوک ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری
آج نیوز - بھارت میں بدعنوانی کے خلاف جدوجہد میں مصروف انا ہزارے کی بھوک ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری ہے۔ انا کے ساتھیوں نے مسلمانوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔ بھارت کے سماجی کارکن انا ہزارے کی بھوک ہڑتال آج آٹھویں دن بھی جاری ہے۔ نئی دلی میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انا ہزارے نے مقاصد کے حصول تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ چند غداروں نے بھارت کے عوام کی آزادی کو داؤ پر لگادیا ہے۔ اس لئے بدعنوانی کے خلاف جدوجہد دراصل دوسری جنگ آزادی ہے۔۔دوسری جانب انا ہزارے کے ساتھیوں نے اب اپنی تحریک کے لئے مسلمانوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں انا ہزارے کی ایک ساتھی کرن بیدی نے نئی دلی کی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری سے ملاقات کی اور انہیں جدوجہد کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ ملاقات کے بعد امام بخاری نے کہا کہ ہم ملک کے نہیں حکومت کے خلاف ہیں۔ کرن بیدی نے وضاحت کی کہ بدعنوانی کے خلاف تحریک شروع ہونے پر اس میں دلت اور مسلمانوں کے شامل نہ ہونے کا سوال اٹھایا جارہا ہے۔ بیدی نے بتایا کہ انہوں نے امام بخاری سے ملاقات میں کمیٹی کی تشکیل کی وضاحت کی۔